اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اگر آئینی تقاضے پورے ہوئے تو ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے گا، آئین میں اس حوالے سے طریقہ کار واضح ہے۔
اعظم نذیر تارڑ سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق جاری بحث اور اس کے ممکنہ طریقہ کار کے بارے میں سوال کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ حالات اگر آئینی طور پر ایمرجنسی کے نفاذ کا تقاضا کریں تو ایمرجنسی لگنی چاہیے اور لگائی بھی جائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آئین میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق تمام ضروریات اور طریقہ کار واضح طور پر درج ہیں، جب آئینی تقاضے پورے ہوں گے تو اسی طریقہ کار کے تحت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج سے متعلق کوئی بھی اقدام آئین میں موجود طریقہ کار کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ آئین کا میکنزم واضح ہے اور جب حالات اس کا تقاضا کریں گے تو آئینی طریقہ کار کے تحت تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔