آئی سی سی کا بڑا فیصلہ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس تبدیل، نئے مراحل متعارف

فہرستِ مضامین

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عالمی کرکٹ کے بڑے ایونٹس کو مزید مسابقتی اور دلچسپ بنانے کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ اب نئے تین مرحلوں پر مشتمل فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز “سپر سیریز” سے ہوگا، جس میں رینکنگ کی 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرے گی۔

دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں 6، 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیموں کے ساتھ ایک بہترین رینکنگ والی ٹیم مل کر “سپر 7” مرحلے میں پہنچے گی۔

سپر 7 مرحلے میں تمام سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کریں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کے آغاز ہی سے ہر میچ کی اہمیت بڑھانا اور شائقین کو زیادہ سنسنی خیز مقابلے فراہم کرنا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بڑی تبدیلی

آئی سی سی نے 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی نمایاں تبدیلی کی منظوری دی ہے۔ نئے نظام کے تحت سپر 8 مرحلے کی جگہ “سپر 10” متعارف کرایا جائے گا۔

ابتدائی مرحلے میں تمام 20 ٹیموں کو پانچ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

سپر 10 میں 10 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم براہ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان پہلی مرتبہ ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے۔ ان میچز کے فاتح سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گے۔

ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے نئی عالمی چیمپئن شپ

آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ رکن ممالک کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل ایک علیحدہ عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے انعقاد کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ابھرتی ہوئی ٹیموں کو عالمی سطح پر زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔

ان نئی تبدیلیوں کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ مقابلے پہلے سے زیادہ سنسنی خیز، مسابقتی اور شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں