آئی فون 18 کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ نئی رپورٹ میں ممکنہ نرخ سامنے آگئے

فہرستِ مضامین

ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے رواں ماہ کے آغاز میں عندیہ دیا تھا کہ کمپنی کو آئندہ آئی فون ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کے مطابق میموری (ریم) کی عالمی قلت کے باعث پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس وقت انہوں نے قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔

اب ایک نئی رپورٹ میں آئی فون 18 سیریز کی متوقع قیمتوں سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق قیمتوں میں اضافہ پہلے سے لگائے گئے اندازوں کے مقابلے میں کم ہو سکتا ہے۔

جے پی مورگن کے ایک تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ ایپل ممکنہ طور پر ہر نئے آئی فون ماڈل کی قیمت میں صرف 50 ڈالر کا اضافہ کرے گی، جبکہ لاگت کو قابو میں رکھنے کے لیے کمپنی اپنے تیار کردہ سی سیریز موڈیم سمیت دیگر متبادل ٹیکنالوجیز استعمال کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,149 ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1,249 ڈالر ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نئے آئی فونز کی قیمتوں میں 200 ڈالر تک اضافہ متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت (AI) کے لیے دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے باعث میموری اور اسٹوریج چپس کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے ان پرزہ جات کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو میں استعمال ہونے والے میموری اور اسٹوریج کے پرزہ جات کی لاگت، آئی فون 17 پرو کے مقابلے میں تقریباً 150 ڈالر زیادہ ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ایپل اس سال اپنے نئے آئی فونز متعارف کرانے کی حکمت عملی میں بھی تبدیلی لا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ستمبر میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کے ساتھ کمپنی اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی پیش کرے گی، جبکہ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں