اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آبنائے ہرمز میں امریکی کارروائی عارضی طور پر روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں ایک پائیدار اور دیرپا معاہدے کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے “بروقت اور جرات مندانہ قیادت” کا مظاہرہ کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں جاری ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو وقتی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا۔
ان کے مطابق یہ اقدام پاکستان سمیت دیگر ممالک کی درخواست پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد کشیدہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچانا اور ایران کے ساتھ جاری تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستے کو موقع دینا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ یہ فیصلہ پاکستان اور دیگر فریقین کی درخواست کے بعد کیا گیا، جبکہ ان کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ایک جامع معاہدے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس فیصلے پر مثبت ردعمل خطے میں امن، استحکام اور باہمی مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر اس کوشش کی حمایت جاری رکھے گا جو تنازعات کے پرامن حل، مکالمے اور سفارتکاری کو فروغ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ موجودہ پیش رفت ایک ایسے جامع معاہدے کی شکل اختیار کرے گی جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی دیرپا امن اور استحکام کا باعث بنے گا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے بحری جہازوں کو نکالنے کے لیے اقدامات شروع کیے جائیں گے، تاہم ایک ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا تھا کہ کسی بھی امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔