آصفہ بھٹو نے ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ کے خلاف آواز بلند کر دی

فہرستِ مضامین

صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی اور خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضابطے نافذ کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے یہ پیغام بچوں کو دودھ پلانے کے عالمی ہفتے کے موقع پر دیا ہے۔

جاری کردہ بیان میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ دودھ پلانا ہمارے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے چند فطری اور مؤثر طریقوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی 6 ماہ صرف ماں کا دودھ اور اس کے بعد دو سال تک دودھ کے ساتھ مناسب غذا، بچوں کی جسمانی قوت اور ذہنی نشوونما کو بہتر بناتی ہے۔

خواتین میں بڑھتے ہوئے کینسر کے امراض کا حوالہ دیتے ہوئے خاتونِ اوّل نے کہا کہ بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین میں چھاتی کے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ ایسی خواتین جو کسی مجبوری کے باعث بچوں کو دودھ نہیں پلا سکتیں، ان کو بھی وہی عزت اور احترام ملنا چاہیے جو دودھ پلانے والی ماؤں کو ملتا ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضابطے لاگو کیے جائیں تاکہ ماؤں کو غیر جانبدار اور سائنسی بنیادوں پر معلومات فراہم کی جا سکیں۔

خاتونِ اوّل نے کہا کہ اداروں کو چاہیے کہ وہ ماؤں کو دودھ پلانے کے لیے مخصوص جگہیں فراہم کریں تاکہ دودھ پلانے کی حوصلہ افزائی ہو اور متبادل دودھ کا دباؤ کم ہو۔

آصفہ بھٹو نے سیلاب متاثرین کو مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹ دیے

دوسری جانب خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے نوابشاہ میں سیلاب متاثرین کے لیے “سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز” اسکیم کے تحت مالکانہ حقوق کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی اور سیلاب سے متاثرہ خواتین کو مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹ دیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے فخر کا دن ہے۔ گھروں کی ملکیت کے دستاویزات صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ آپ کے مستقبل کے تحفظ کی علامت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے ایس پی ایچ ایف منصوبے کے تحت 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر گھر کی زمین اس گھر کی خاتون کے نام کی جا رہی ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ صرف ایک گھر نہیں بلکہ آپ اور آپ کے بچوں کے لیے اختیار، عزت اور تحفظ کی علامت ہے۔

انہوں نے اس منصوبے کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی محنت، بصیرت اور عوام دوست سوچ کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ آج تک کسی اور صوبے یا سیاسی جماعت نے ایسا بڑا اور عوامی فلاحی قدم نہیں اٹھایا۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا کہ ہر شہری کو زمین، رہائش اور عزت دی جائے گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسے پورا کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ، آپ بھی محفوظ رہیں گے اور آپ کی آئندہ نسلیں بھی عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں