آپ نے کافی تو پی ہوگی، لیکن کیا آپ نے کبھی ’’پروفی‘‘ پی ہے؟

فہرستِ مضامین

تحریر: اِشفاق احمد

سوشل میڈیا پر آئے روز مختلف غذائی رجحانات مقبول ہوتے رہتے ہیں، اور اب ’پروفی‘ (Proffee) نامی مشروب تیزی سے توجہ حاصل کر رہا ہے۔ یہ خاص طور پر فٹنس کے شوقین افراد، ورزش کرنے والوں اور مصروف طرزِ زندگی رکھنے والوں میں مقبول ہو رہا ہے۔

پروفی دراصل پروٹین کافی کا مختصر نام ہے، جو کافی کو پروٹین پاؤڈر یا پروٹین شیک کے ساتھ ملا کر تیار کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد ایک ہی مشروب کے ذریعے کیفین سے توانائی حاصل کرنا اور ساتھ ہی جسم کو پروٹین فراہم کرنا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق یہ مشروب ان افراد کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے جو اکثر خالی پیٹ کافی پیتے ہیں یا اپنی روزانہ کی خوراک سے مطلوبہ مقدار میں پروٹین حاصل نہیں کر پاتے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ماہر غذائیت ڈاکٹر سمرت کتھوریا کا کہنا ہے کہ پروفی جسم کو کیفین کے فوری اثرات کے ساتھ اضافی پروٹین بھی فراہم کرتی ہے، جس سے دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس برقرار رہتا ہے اور توانائی بتدریج ملتی رہتی ہے۔ ان کے مطابق پروٹین ہاضمے کی رفتار کو نسبتاً کم کر دیتا ہے، جس سے کافی پینے کے بعد اچانک توانائی ختم ہونے یا تھکن محسوس ہونے کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔

انٹیگریٹو میڈیسن اور غذائیت کی ماہر ڈاکٹر کارتھیگائی سیلوی کے مطابق پروفی عام کافی کے مقابلے میں زیادہ متوازن غذائی انتخاب بن سکتی ہے، کیونکہ اس میں شامل پروٹین جسم کو اضافی غذائیت فراہم کرتا ہے اور دن بھر بار بار کافی پینے کی ضرورت بھی کم ہو سکتی ہے۔

تاہم ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ پروفی کو مکمل ناشتے کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق متوازن ناشتے میں پروٹین کے علاوہ فائبر، صحت مند چکنائیاں اور پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس بھی شامل ہونا ضروری ہیں، اس لیے پروفی کو صرف ایک اضافی غذائی مشروب کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر گھر میں پروفی تیار کی جائے تو کم چینی والا معیاری پروٹین پاؤڈر استعمال کیا جائے۔ اس کے علاوہ بہت زیادہ گرم کافی میں پروٹین ملانے سے اس کی ساخت متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا ٹھنڈی یا نیم گرم کافی اس مقصد کے لیے زیادہ موزوں سمجھی جاتی ہے۔

اگرچہ بازار میں تیار شدہ پروفی مصنوعات بھی دستیاب ہیں، لیکن گھر پر تیار کی گئی پروفی میں چینی، کیفین اور پروٹین کی مقدار کو اپنی ضرورت کے مطابق بہتر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس مشروب کا ضرورت سے زیادہ استعمال بے خوابی، گھبراہٹ، دل کی دھڑکن تیز ہونے، معدے اور ہاضمے کے مسائل، پیٹ میں گیس اور جسم میں پانی کی کمی جیسی شکایات کا باعث بن سکتا ہے۔ گردوں کی بیماری، کیفین سے حساسیت یا دیگر طبی مسائل کے شکار افراد کو پروفی استعمال کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق پروفی اگر مناسب مقدار میں اور متوازن غذا کے ساتھ استعمال کی جائے تو یہ ایک مفید انتخاب ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اسے کسی جادوئی صحت بخش مشروب کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ اس کے فوائد کا انحصار اس بات پر ہے کہ اسے کس مقدار میں، کن اجزاء کے ساتھ اور مجموعی غذائی روٹین کے حصے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد اپنی روزمرہ خوراک سے پہلے ہی مناسب مقدار میں پروٹین حاصل کر رہے ہیں، ان کے لیے سادہ بلیک کافی بھی ایک اچھا انتخاب ہے، جبکہ اضافی پروٹین کی ضرورت رکھنے والے افراد پروفی کو اپنی روزانہ کی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں