پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، شاہد آفریدی اور عماد وسیم بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ راشد خان گزشتہ چھ ماہ سے ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود تھے۔
پاکستان کے محمد نواز بولرز کی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجے تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے 47 درجے کی چھلانگ لگائی اور کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے۔ انگلینڈ ہی کے لیام ڈاسن 12 درجے بہتری کے بعد 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بھارت کے اکشر پٹیل نے بھی 12 درجے بہتری حاصل کی اور 15ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں زمبابوے کے سکندر رضا نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ پاکستان کے صائم ایوب بدستور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے ول جیکس نے تین درجے بہتری کے بعد آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔