ابھی تو کیریئر شروع ہی ہوا تھا، پھر جان ٹرنر نے کرکٹ کیوں چھوڑ دی؟

فہرستِ مضامین

کراچی: انگلینڈ کے نوجوان فاسٹ بولر جان ٹرنر نے محض 25 سال کی عمر میں پروفیشنل کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پانچ سالہ کیریئر کا اختتام کر دیا۔

جان ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 ون ڈے اور 2 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے، تاہم گزشتہ سال جون میں کمر میں اسٹریس فریکچر کا شکار ہونے کے بعد وہ دوبارہ میدان میں واپسی نہ کر سکے۔

معاشیات میں گریجویشن کرنے والے ٹرنر کا ہیمپشائر کے ساتھ معاہدہ ابھی مزید دو برس باقی تھا، جبکہ ان کے پاس انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) کا ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ بھی موجود تھا۔ اس کے باوجود انہوں نے کھیل کو الوداع کہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اب زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

اپنے فیصلے کی وجہ بیان کرتے ہوئے جان ٹرنر نے کہا کہ مسلسل انجریز، خاص طور پر ایک سال سے زائد عرصے تک میدان سے دور رکھنے والے اسٹریس فریکچر نے انہیں اپنے مستقبل پر سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق طویل بحالی کے عمل کے بعد انہوں نے محسوس کیا کہ اب نئی سمت میں آگے بڑھنا ہی بہتر فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور ہیمپشائر کی نمائندگی کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا، جو پورا ہوا، لیکن کرکٹ کو خیرباد کہنا ان کی زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔

جان ٹرنر نے 2021 میں ہیمپشائر کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ ریٹائرمنٹ کے موقع پر انہوں نے کلب انتظامیہ، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہیمپشائر کے ساتھ گزارے گئے پانچ سال ہمیشہ ان کی زندگی کی خوبصورت یادوں کا حصہ رہیں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں