ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

فہرستِ مضامین

ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل سات میچز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

میسی نے 2026 فیفا ورلڈ کپ میں اردن کے خلاف میچ کے 80ویں منٹ میں ایک شاندار فری کک پر گیند کو جال کی راہ دکھائی، جس کے نتیجے میں ارجنٹینا نے اپنی برتری 3-1 کر دی۔ اس گول کے ساتھ ہی میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل سات مقابلوں میں گول کرنے کا منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل یہ اعزاز فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کے پاس تھا، جنہوں نے بالترتیب 1958 اور 1970 کے ورلڈ کپ میں مسلسل چھ میچز میں گول اسکور کیے تھے۔ میسی نے دونوں لیجنڈز کا کئی دہائیوں پرانا ریکارڈ توڑ کر تاریخ میں اپنا نام مزید روشن کر دیا۔

میسی کے مسلسل گول کرنے کا سلسلہ قطر میں منعقد ہونے والے 2022 فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کیے، جن کی بدولت ارجنٹینا نے تیسری مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی۔

2026 ورلڈ کپ میں بھی میسی شاندار فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ وہ الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک جبکہ آسٹریا کے خلاف دو گول کر چکے تھے، اور اب اردن کے خلاف گول کرکے مسلسل سات میچز میں اسکور کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

اردن کے خلاف اس گول کے بعد لیونل میسی کے فیفا ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی ہے، جس سے انہوں نے ٹورنامنٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین گول اسکوررز میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

میسی کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ارجنٹینا بلکہ دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداحوں کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی ہے، جبکہ فٹبال کے ماہرین اسے ان کے عظیم ترین کیریئر میں ایک اور تاریخی کارنامہ قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں