تل ابیب: اسرائیل کے انتہا پسند وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ نے سعودی عرب کے بارے میں اپنے متنازع بیان پر جمعرات کو معذرت کی ہے۔
رائٹرز کے مطابق، سموتریچ نے پہلے کہا تھا کہ اگر سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے بدلے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ کرے تو وہ “ریگستان میں اونٹوں پر سواری جاری رکھے”۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں وزیر خزانہ نے کہا: “میرا سعودی عرب سے متعلق بیان نامناسب تھا، اور اگر اس سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو میں افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔”
اسرائیل میں ایک کانفرنس کے دوران سموتریچ نے کہا تھا کہ “اگر سعودی عرب ہمیں کہتا ہے کہ تعلقات کی بحالی کے بدلے فلسطینی ریاست تسلیم کرو، تو دوستو، نہیں شکریہ۔ آپ سعودی ریگستان میں ریت پر اونٹ دوڑاتے رہیں، ہم اپنی معیشت، معاشرے اور ریاست کی ترقی کرتے رہیں گے۔” اس بیان پر اسرائیل کے اندر سخت ردعمل سامنے آیا تھا