اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے تباہی، متعدد علاقے زیر آب

فہرستِ مضامین

جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی مفلوج، راولپنڈی میں مقامی تعطیل کا اعلان

اسلام آباد اور راولپنڈی میں گھنٹوں جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کردیا، نالے بپھر گئے، کئی علاقوں میں گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ راولپنڈی میں مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔

منگل کی صبح علی الصبح شروع ہونے والی شدید بارش کئی گھنٹوں تک جاری رہی، جس کے باعث جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔

راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں مقامی تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق راولپنڈی ضلع کی حدود میں عام تعطیل ہوگی، تاہم ایمرجنسی سروسز اور متعلقہ انتظامی ادارے معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ہونے والی بارش رواں مون سون سیزن کی شدید ترین بارشوں میں شامل ہے، جس کے دوران مختلف علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی کے علاقے نیو کٹاریاں میں 230 ملی میٹر، چکلالہ میں 206 ملی میٹر اور شمس آباد میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گولڑہ کے مقام پر 182 ملی میٹر، زیرو پوائنٹ پر 154 ملی میٹر جبکہ سید پور میں 99 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نالہ لئی بپھر گیا، گھروں اور دکانوں میں پانی داخل

شدید بارش کے باعث راولپنڈی کا نالہ لئی خطرناک حد تک بھر گیا، جس کے نتیجے میں گوالمنڈی سمیت متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

صادق آباد، شمس آباد، ڈھوک کالا خان، راجہ بازار اور گردونواح کے علاقوں میں بھی گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

صورتحال کی سنگینی کے باعث تمام متعلقہ ایمرجنسی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج کو بھی مدد کے لیے اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔

اسلام آباد کے مختلف علاقے بھی زیر آب

اسلام آباد میں بھی طوفانی بارش نے شہری زندگی کو متاثر کیا۔ سیکٹر ای الیون میں نالہ بپھرنے کے باعث پانی قریبی عمارتوں میں داخل ہوگیا، جبکہ ڈی بارہ، آئی ٹین اور آئی نائن کے مختلف علاقوں میں گلیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔

چٹھہ بختاور، ہاسٹل سٹی اور ترامڑی میں بھی نالوں کے بپھرنے سے کئی گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

سیکٹر آئی ایٹ مرکز میں دکانوں کے اندر پانی جمع ہوگیا، جبکہ بعض نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز، جن میں ڈی ایچ اے اور بحریہ ٹاؤن بھی شامل ہیں، میں نالے اوور فلو ہونے سے صورتحال متاثر ہوئی۔

اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق ای الیون اور غوری ٹاؤن فیز ٹو میں شدید بارش کے بعد نالوں کا پانی سڑکوں پر آگیا، تاہم متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایکسپریس ہائی وے سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی ڈی واٹرنگ پمپس اور سینیٹیشن اسٹاف کی مدد سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔

وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے مطابق آئی ایٹ مرکز سے جمع پانی نکال دیا گیا ہے جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا اور متعدد مقامات پر گاڑیوں کے خراب ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

راول ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا اعلان

شدید بارش کے بعد راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر انتظامیہ نے ڈیم کے سپل ویز فوری طور پر کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں