اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مسلسل عدم حاضری پر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سینئر سول جج عباس شاہ نے ریاستی اداروں پر الزامات اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وزیراعلیٰ عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی سہیل آفریدی پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔