لاہور: اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کے معاملے پر حکومت اور ایک مذہبی جماعت کے درمیان جاری مذاکرات میں مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ، خواجہ سلمان رفیق اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی مذہبی جماعت کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں، اور بات چیت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں بعض مطالبات پر فریقین کے درمیان اتفاق رائے ہوا ہے، جبکہ کچھ نکات پر گفتگو جاری ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ مارچ پرامن طور پر ختم کر دیا جائے اور کوئی تصادم نہ ہو۔
مذاکراتی عمل میں جاری پیشرفت کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے، اور دونوں جانب سے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔