افغان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے، پھر ملک بدر کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ

فہرستِ مضامین

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، افغانی بچوں کو بھی پولیو ویکسین دی جائے گی اور بعد ازاں انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ ہر بات کو منفی رنگ دیتے ہیں، اگر پولیو ویکسین میں کوئی مسئلہ ہوتا تو محترمہ آصفہ بھٹو شہید خود اس مہم میں پیش پیش نہ ہوتیں۔ انہوں نے علما کرام اور سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پولیو ویکسین سے انکار کرنے والے والدین کے لیے چیف منسٹر ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے، جہاں تمام تر ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا اور والدین سے رابطہ کر کے انہیں آگاہی فراہم کی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال صوبے میں پولیو کے 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں صرف دو ممالک ایسے ہیں جہاں پولیو وائرس باقی رہ گیا ہے، اور ان میں سے ایک پاکستان ہے، جو کہ ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سہراب گوٹھ میں انسداد پولیو کی مہم بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔ “ہم افغانی بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائیں گے اور بعد میں انہیں واپس بھیج دیں گے۔”

مراد علی شاہ نے کہا کہ افغانستان نے سرحد پر حملہ کیا، جس کا جواب دے دیا گیا ہے، تمام سیاسی جماعتیں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔ “ہماری سرحدوں پر خطرات ضرور ہیں لیکن پولیو مہم کو کسی صورت نہیں روکیں گے، یہ بھی ایک جنگ ہے جو ہمیں لڑنی ہے تاکہ اپنے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔”

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں