امریکہ نے بی ایل اے اور مجید برگیڈ کو غیرملکی دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا

فہرستِ مضامین

امریکہ  نے پاکستان کے صوبے بلوچستان اور سندھ میں دہشتگرد اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے  مجید برگیڈ گروپ کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے  بلوچستان لبریشن آرمی اور اس کے گروپ مجید برگیڈ کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق مجید بریگیڈ کو بھی بی ایل اے کی  طرح عالمی دہشت گردوں کی خصوصی فہرست  اسپیشلی ڈیزینیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ (ایس ڈی جی ٹی) میں شامل کیا جا رہا ہے۔

بی ایل اے کو 2019 میں دہشتگرد تنظیم قرار دیا گیا تھا

بی ایل اے کو متعدد دہشتگرد حملوں کے بعد 2019 میں ایس ڈی جی ٹی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ 2019 کے بعد سے ، بی ایل اے کے ساتھ ساتھ  مجید بریگیڈ نے بھی مزید حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق  2024 میں بی ایل اے نے دعوی کیا تھا کہ اس نے کراچی میں ہوائی اڈے اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس کے قریب خودکش حملے کیے تھے۔ 2025 میں بی ایل اے نے مارچ میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو ہائی جیک کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اس حملے میں سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں سمیت  31 لوگ جاں بحق ہوئے تھے اور 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

امریکہ محکمہ خارجہ کا کہنا  ہے کہ  بی ایل اے اور اس کی  مجید برگیڈ کو دہشت گرد قرار دینے کا قدم دہشتگردی کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، یہ اقدام دہشتگرد سرگرمیوں کی حمایت محدود کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔

پاکستان کی  طرف سے امریکی اقدام کا خیرمقدم

پاکستان نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزارت خارجہ کی  طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان، امریکا کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے جس میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان نے 18 جولائی 2024 سے مجید بریگیڈ کو ایک دہشت گرد تنظیم کے طور پر کالعدم قرار دے رکھا ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ بی ایل اے/مجید بریگیڈ پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہی، جن میں جعفر ایکسپریس  کی ہائی جیکنگ اور خضدار بس حملہ شامل ہیں، جن کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہماری قربانیوں نے نہ صرف ملک بلکہ خطے کے استحکام اور عالمی سلامتی کے لیے بھی دہشتگردی کے خلاف  کامیابیاں ممکن بنائی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔ ہم اس مشترکہ چیلنج پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔

بلوچستان حکومت کی طرف سے بھی خیرمقدم

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے  بھی امریکہ کی طرف سے بی ایل اے اور مجید برگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرادینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہوا کہ یہ ایک قابل تحسین اقدام ہے۔

ایکس پر پوسٹ کردہ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کا مؤقف امریکی انتظامیہ کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے لوگ طویل عرصے سے نسلی و لسانی حقوق کے جھوٹے پردے کی آڑ میں معصوم شہریوں کا خون بہاتے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کسی صورت قابلِ جواز نہیں، کوئی مقصد بے گناہ شہریوں کے قتل کو درست قرار نہیں دے سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں