امریکی فوج کا ایران پر نیا فضائی حملہ، اردن میں فوجیوں کی ہلاکت کا جواب دینے کا دعویٰ

فہرستِ مضامین

امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اردن میں تعینات اپنے اہلکاروں پر مبینہ ایرانی حملوں کے بعد ایران کے مختلف فوجی اہداف پر نئی فضائی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ حالیہ کشیدگی کے دوبارہ آغاز کے بعد امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں یہ پہلی بڑی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق حملوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانا تھا جو آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی تجارتی جہازرانی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، جبکہ اردن میں امریکی فوجیوں پر حملوں کے ذمہ دار قرار دیے گئے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

سینٹکام نے بتایا کہ ایران کے خلاف فضائی کارروائیوں کے آٹھویں مرحلے میں ساحلی نگرانی کے مراکز، فضائی دفاعی نظام، بحری تنصیبات، میزائل ذخیرہ گاہوں اور ڈرون آپریشن مراکز کو ہدف بنایا گیا۔ امریکی کمانڈ کے مطابق یہ کارروائیاں 18 جولائی کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق رات گئے مکمل کی گئیں۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا براہِ راست تعلق 17 جولائی کو اردن میں امریکی فوجیوں پر ہونے والے مبینہ حملوں سے ہے، جن کا الزام ایران کے پاسدارانِ انقلاب پر عائد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل امریکی حکام نے بتایا تھا کہ ایران کے خلاف فضائی حملوں کا آٹھواں مرحلہ شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو محدود کرنا اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو محفوظ بنانا ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اردن میں ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ ایک اہلکار لاپتا ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

ادھر ایران نے خلیجی ممالک اور اردن پر مزید حملوں کا دعویٰ کیا، جبکہ رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تحریری بیان میں امریکا کو سخت جواب دینے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جنگ بندی کے لیے ہونے والا عارضی معاہدہ سات جولائی کو ختم ہو گیا تھا، جس کے بعد آبنائے ہرمز میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔ ایران کی جانب سے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے بعد امریکا نے فضائی حملے کیے، جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کیا اور امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کے گرد بحری سرگرمیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں