امیتابھ بچن کا پریتی زنٹا سے دلچسپ شکوہ، وجہ جان کر اداکارہ بھی حیران

فہرستِ مضامین

ممبئی: بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے معروف اداکارہ پریتی زنٹا سے ایسا شکوہ کردیا کہ دونوں کی ملاقات کا پرومو مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

پریتی زنٹا کئی برس بعد مقبول کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں بطور مہمان شرکت کرنے جارہی ہیں، جہاں ان کی ملاقات شو کے میزبان امیتابھ بچن سے ہوگی۔ شو کی آنے والی قسط کے جاری کیے گئے پرومو میں دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو نے مداحوں میں خاصا تجسس پیدا کردیا ہے۔

پرومو میں امیتابھ بچن پریتی زنٹا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہیں اداکارہ سے ایک بڑا شکوہ ہے۔ اس کے بعد وہ بتاتے ہیں کہ وہ ہر سال 31 جنوری کو پریتی زنٹا کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہیں، لیکن اداکارہ نے آج تک ان کی مبارکباد کا جواب نہیں دیا۔

امیتابھ بچن کے اس گلے شکوے پر پریتی زنٹا حیرت زدہ نظر آتی ہیں، جس کے بعد دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو ایک سنجیدہ شکایت کے بجائے دلچسپ اور مزاحیہ لمحے میں تبدیل ہوجاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امیتابھ بچن اس سے قبل بھی پریتی زنٹا سے اسی معاملے پر شکوہ کرچکے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دونوں کے درمیان دوستانہ مذاق کا ایک پرانا سلسلہ ہے۔

پرومو سامنے آنے کے بعد مداحوں کی نظریں اب اس بات پر ہیں کہ پریتی زنٹا اس بار امیتابھ بچن کے شکوے کا کیا جواب دیتی ہیں۔

اگرچہ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے دونوں کے درمیان ممکنہ ناراضی یا اختلافات کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع کردی ہیں، تاہم شو کے پرومو میں دونوں کی گفتگو اور انداز سے بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ یہ معاملہ کسی تنازع کے بجائے دوستانہ تعلق اور ہلکے پھلکے مذاق کا حصہ ہے۔

اب مداح بے صبری سے اس قسط کے نشر ہونے کے منتظر ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ پریتی زنٹا آخر امیتابھ بچن کی سالگرہ کی مبارکباد کا جواب کیوں نہیں دیتی رہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں