رحیم یار خان کے قریب امیربالاج قتل کیس میں مطلوب مرکزی ملزم طیفی بٹ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
ڈی ایس پی سی سی ڈی سید حسین حیدر طیفی بٹ کو لے جا رہے تھے کہ راستے میں 7 سے 8 افراد نے سرکاری گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے کے دوران ملزم کو مبینہ طور پر دو گاڑیوں کے ذریعے سی سی ڈی کی حراست سے فرار کرایا گیا۔
پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا، جس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور طیفی بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ ملزم کی لاش کو ٹی ایچ کیو اسپتال صادق آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی ایف آئی آر تھانہ کوٹ سبزل میں درج کر لی گئی ہے، جو ڈی ایس پی سی سی ڈی سید حسین حیدر کی مدعیت میں درج ہوئی۔ حملے میں سرکاری گاڑی کا ڈرائیور نور دائیں بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
واضح رہے کہ طیفی بٹ کو چند روز قبل دبئی سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا گیا تھا، اور گزشتہ روز ہی پاکستان منتقل کیا گیا تھا۔