راولپنڈی: تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
مقدمے کے 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علیمہ خان طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔ پراسیکیوشن کے گواہان اور مال مقدمہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے چیئرمین نادرا کو علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے، ڈی جی امیگریشن کو ان کا پاسپورٹ بلاک کرنے اور گورنر سٹیٹ بینک کو تمام بینک اکاؤنٹس فوری طور پر منجمد کرنے کی ہدایت دی۔
جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ علیمہ خان ہر جگہ موجود ہوتی ہیں لیکن عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی اور سماعت کو 27 اکتوبر تک ملتوی کر دیا۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ سماعت کے موقع پر عدالت میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی اس سے قبل علیمہ خان کے پیش نہ ہونے پر چار مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے، اور ان کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط کرنے کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔