سوشل میڈیا شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنی اسٹوریز میں میٹا کی جانب سے جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ویڈیو اور فوٹو ایڈیٹنگ ٹولز متعارف کروا دیے ہیں۔
انسٹاگرام کے مطابق اب صارفین ٹیکسٹ پرامپٹس لکھ کر اپنی تصاویر یا ویڈیوز میں اشیاء شامل، ہٹانے یا مکمل تبدیل کرنے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ پہلے یہ ٹولز محدود فیچرز کے ساتھ صرف چیٹ بوٹ کے ذریعے دستیاب تھے، جو صارفین کے لیے کافی مشکل تھیں۔ نئے فیچر کے بعد یہ براہِ راست اسٹوریز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
صارفین اسٹوریز میں پینٹ برش آئیکون پر ٹیپ کرکے اوپر موجود ’ری اسٹائل‘ مینیو کے ذریعے ٹولز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہاں ‘ایڈ، ریموو یا چینج’ آپشن منتخب کرنے کے بعد، پرامپٹ بار میں تحریری ہدایات دے کر تصویر یا ویڈیو میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
مزید یہ کہ انسٹاگرام پر پری سیٹ ایفیکٹس بھی دستیاب ہیں جو کپڑوں، اسٹائل یا دیگر تفصیلات بدلنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، جیسے سن گلاسز، بائیکر جیکٹ شامل کرنا یا تصویر کو واٹر کلر آرٹ جیسا بنانا۔
میٹا کی جانب سے یہ فیچر دیگر پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، واٹس ایپ اور تھریڈز پر بھی متعارف کرایا جا چکا ہے، اور میٹا اے آئی کے ویب ورژن پر اب اردو زبان میں بھی معلومات تلاش کی جا سکتی ہیں۔