اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم یا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانا اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے، اگر اپوزیشن ایسی تحریک پیش کرتی ہے تو اسے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں زیتون کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایوان کا کورم مکمل کرنا صرف اسپیکر کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اس کی ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں گزشتہ نشست کے مقابلے میں بہتری نظر آئی اور ارکان کی حاضری بھی بہتر رہی۔ امید ہے کہ آئندہ اجلاس میں مزید بہتری آئے گی اور کورم مکمل ہوگا۔
پارلیمنٹ خالی چھوڑنا مناسب نہیں، اسپیکر
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا فورم ارکان کو اپنے اپنے حلقوں اور علاقوں کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے فراہم کیا گیا ہے، اس لیے اسے خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان قانون سازی کے حوالے سے ہونے والے اتحاد کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے تعاون ایک مثبت اقدام ہے۔
پی ٹی آئی کے کمیٹیوں سے استعفے تاحال منظور نہیں کیے
سردار ایاز صادق نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں سے دیے گئے استعفے ابھی تک انہوں نے منظور نہیں کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کے کمیٹیوں سے استعفے قبول نہ کیے جائیں۔