’اگر اختیار میرے پاس ہوتا…‘ فضل الرحمان کا عمران خان کے علاج پر اہم انکشاف

فہرستِ مضامین

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کا معاملہ ان کے اختیار میں ہوتا تو اب تک ان کا علاج ہوچکا ہوتا۔

مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، جس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان اور جے یو آئی (ف) کے درمیان متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے قیام کے معاملے پر ابتدائی مشاورت مکمل ہوئی ہے اور اس حوالے سے مزید بات چیت جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز سے بھی مشاورت کی گئی ہے اور اصولی طور پر اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو متحدہ اپوزیشن کی جانب بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمان میں مشترکہ کردار ادا کرنا چاہتی ہیں، اس معاملے پر مزید ملاقاتیں اور مشاورت ہوں گی۔ امید ہے کہ یہ ایک اچھا آغاز ثابت ہوگا اور اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے بھی ماحول بنے گا۔

پیپلز پارٹی کو متحدہ اپوزیشن میں شامل کرنے سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہے۔

ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع جبکہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں