برمنگھم: پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں آج سے شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے 12 ممکنہ کھلاڑیوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم میں تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ڈیبیو کا امکان ہے، جن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ وکٹ کیپر غازی غوری کی شمولیت تقریباً یقینی قرار دی جا رہی ہے۔
خانیوال سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا بھی ڈیبیو کے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے 58 فرسٹ کلاس میچز میں دائیں ہاتھ کے بیٹر کی حیثیت سے 2 سنچریوں سمیت 2 ہزار 255 رنز بنائے ہیں، جبکہ میڈیم فاسٹ بولنگ سے 110 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔
پاکستان اگر ایجبسٹن ٹیسٹ میں چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترتا ہے تو مردان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ فاسٹ بولر رضا اللہ کو بھی ٹیسٹ ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے۔
رضا اللہ نے 2025 میں پشاور کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا اور اب تک 8 فرسٹ کلاس میچز میں 30 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
دوسری جانب اگر قومی ٹیم ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترتی ہے تو ملتان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس مضبوط امیدوار ہیں۔ عرفات منہاس پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 ون ڈے اور 4 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے ممکنہ 12 کھلاڑی
- صائم ایوب
- اذان اویس
- عبداللہ شفیق
- بابر اعظم (کپتان)
- شان مسعود
- سعود شکیل
- غازی غوری (وکٹ کیپر)
- محمد عباس
- محمد علی
- محمد عمران رندھاوا
- عرفات منہاس
- رضا اللہ
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، جبکہ ایجبسٹن ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ ہے۔