واشنگٹن: ایرانی سرکاری میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے بیرن ٹرمپ کو مبینہ طور پر دھمکی دینے والی ویڈیو نشر کیے جانے کے بعد امریکی سیکرٹ سروس بھی معاملے سے آگاہ ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے IRIB سے منسلک ایک ویڈیو میں 20 سالہ بیرن ٹرمپ کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی۔ ویڈیو میں بیرن کی نقل و حرکت اور ان سے منسلک بعض مقامات کا بھی ذکر کیا گیا۔
ویڈیو میں مبینہ طور پر بیرن ٹرمپ کے بارے میں معلومات اور ان کی نگرانی سے متعلق دعوے بھی کیے گئے، جبکہ ان کی نشاندہی کرنے والے کو 10 ملین ڈالر انعام دینے کا ذکر بھی سامنے آیا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
سیکرٹ سروس کا ردعمل
امریکی سیکرٹ سروس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ادارہ مذکورہ ویڈیو سے آگاہ ہے۔ ترجمان کے مطابق سیکرٹ سروس ان تمام معاملات کا جائزہ لیتی ہے جو محفوظ افراد کے لیے ممکنہ خطرہ بن سکتے ہیں۔
تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ترجمان نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ بیرن ٹرمپ کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات کیے گئے ہیں یا نہیں۔
ایران امریکا کشیدگی کے دوران نئی پیش رفت
بیرن ٹرمپ کے حوالے سے سامنے آنے والی مبینہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی انتہائی شدید ہے۔
حالیہ عرصے میں ایرانی میڈیا اور سوشل میڈیا پر صدر ٹرمپ اور ان کے خاندان کے خلاف بھی سخت بیانات اور دھمکی آمیز مواد سامنے آتا رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق کسی دھمکی آمیز ویڈیو کا سامنے آنا لازماً کسی عملی حملے کی منصوبہ بندی کا ثبوت نہیں، تاہم ایسے مواد کو نظر انداز نہیں کیا جاتا اور سکیورٹی ادارے ممکنہ خطرات کا جائزہ لیتے ہیں۔
بیرن ٹرمپ کے معاملے میں بھی فی الحال امریکی سیکرٹ سروس نے صرف ویڈیو سے آگاہ ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ کسی حقیقی حملے یا سازش سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔