وفاقی کابینہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تالیاں بجا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کرانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ اراکین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تالیاں بجائیں اور خوشی کے اظہار کے طور پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایران-امریکہ مذاکرات کی کامیابی پر آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں “یومِ تشکر” منایا جائے گا۔ وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مستقل امن کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ کی آگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی، مگر اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت دی اور ہماری سفارتی کوششوں کے نتیجے میں یہ تباہی ٹل گئی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگ کر امریکی اور ایرانی قیادت سے رابطے میں رہے، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے بھی ایک ماہ تک دن رات محنت کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپنے سیاسی کیریئر میں انہوں نے عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان اس سے بہتر ہم آہنگی کبھی نہیں دیکھی۔
انہوں نے ایرانی صدر اور امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی درخواست پر دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا، جبکہ سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، عمان، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کے کردار کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنگ وقتی طور پر رکی ہے، مگر ہمارا ہدف پائیدار امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ نے اپنے اتحادیوں سمیت لبنان اور دیگر علاقوں میں بھی فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، جو خطے کے استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی کامیابی قرار دیا۔