ایران جنگ پر امریکا کے کتنے ارب ڈالر خرچ ہوچکے؟

فہرستِ مضامین

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ پر اب تک 37.5 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ آئندہ اخراجات پورے کرنے کے لیے مزید 70 ارب ڈالر کی منظوری طلب کر لی گئی ہے۔

امریکی سینیٹ کی تخصیصی کمیٹی کے اجلاس میں پیٹ ہیگستھ اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے مجموعی طور پر 1.5 ٹریلین ڈالر کے دفاعی بجٹ کی درخواست پیش کی، جس میں ایران جنگ کے لیے اضافی فنڈز بھی شامل ہیں۔

ہیگستھ نے بتایا کہ موجودہ تخمینہ ستمبر کے اختتام تک کے فوجی آپریشنز اور دیکھ بھال کے اخراجات پر مشتمل ہے۔ یہ رقم مئی میں جاری کیے گئے 29 ارب ڈالر کے تخمینے سے تقریباً 8.5 ارب ڈالر زیادہ ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایندھن کی قیمتوں اور دیگر معاشی اثرات کو بھی شامل کیا جائے تو ایران جنگ کی مجموعی لاگت 150 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

ادھر امریکا اور ایران کے درمیان لڑائی بدستور جاری ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مزید حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے توانائی تنصیبات، پلوں اور اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ ایران نے بھی خطے میں امریکی مفادات پر حملے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پیٹ ہیگستھ نے خبردار کیا کہ اگر مطلوبہ دفاعی بجٹ منظور نہ ہوا تو امریکی فوج کو تربیتی سرگرمیوں اور جدید ہتھیاروں کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم سینیٹ میں اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے دفاعی بجٹ پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے غیر حقیقی اور غیر ضروری قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں