واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور ممکنہ طور پر جمعے کو منعقد ہو سکتا ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس میں “اچھی خبر” سامنے آنے کی توقع ہے۔
امریکی صدر نے ایک امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی فوج کو ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ آئندہ 36 سے 72 گھنٹوں کے اندر رابطے یا مذاکرات کا امکان موجود ہے، جبکہ دوسرا باقاعدہ دور جمعے کو ہو سکتا ہے، جس کے نتائج کے حوالے سے وہ پرامید ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت کی درخواست پر ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ سے درخواست کی تھی کہ ایران پر حملے اس وقت تک روک دیے جائیں جب تک ایرانی قیادت ایک متفقہ تجویز پیش نہیں کرتی۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے اسی درخواست کے تحت جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، اور یہ عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران کی جانب سے باضابطہ اور متفقہ تجویز سامنے نہیں آتی اور مذاکرات مکمل نہیں ہو جاتے۔