ایران میں انڈوں کا ’فوٹو شوٹ‘، وجہ جان کر حیران رہ جائیں گے

فہرستِ مضامین

ایران میں انڈے ان دنوں سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہے ہیں، جہاں شہری انڈوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر مہنگائی پر طنزیہ انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایرانی شہری روزمرہ استعمال کی اس عام چیز کو سوشل میڈیا پر ایک قیمتی شے کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ کئی افراد انڈوں کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی بڑھتی قیمتوں پر مزاحیہ تبصرے بھی کررہے ہیں۔

اس دلچسپ رجحان کو ایران میں بڑھتی مہنگائی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے اور ایرانی ریال کی قوتِ خرید میں کمی سے جوڑا جارہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انڈوں کے علاوہ چاول، کھانا پکانے کا تیل، مرغی اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے عام ایرانی گھرانوں پر معاشی دباؤ بڑھا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایران میں چاول اور انڈوں کی قیمتیں تقریباً تین گنا تک بڑھ چکی ہیں، جس کے باعث یہ اشیاء بھی شہریوں کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہوگئی ہیں۔

ایرانی شہری مہنگائی کے خلاف احتجاج کے روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا سہارا بھی لے رہے ہیں۔ انڈوں کے ساتھ بنائی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز اسی آن لائن ردعمل کا ایک حصہ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی پابندیوں، ایرانی کرنسی کی قدر میں کمی، جنگی حالات اور طویل عرصے سے جاری مہنگائی نے ملک کے معاشی مسائل میں اضافہ کیا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام شہریوں کی روزمرہ زندگی اور خریداری کی صلاحیت پر پڑ رہے ہیں۔

یوں ایران میں انڈوں کے ساتھ تصاویر بنوانے کا یہ ٹرینڈ محض ایک سوشل میڈیا مذاق نہیں بلکہ بڑھتی مہنگائی کے خلاف شہریوں کے طنزیہ اظہارِ خیال کی ایک مثال بن گیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں