ایران نے نئی امریکی پابندیوں کو ’معاشی دہشتگردی‘ قرار دے دیا

فہرستِ مضامین

ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ریاستی اور معاشی دہشتگردی قرار دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور تمام رکن ممالک کو خط ارسال کیا ہے، جس میں امریکی پابندیوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے خط میں مؤقف اپنایا کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے یا دیگر ممالک کو اپنی مہم کا حصہ بنانے میں ناکامی کے بعد اب ایران کے دوسرے ممالک کے ساتھ جائز اقتصادی روابط محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی پابندیاں براہِ راست عام شہریوں کو متاثر کرتی ہیں، کیونکہ ان کے نتیجے میں خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی محدود ہوسکتی ہے۔

خط میں ان پابندیوں کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے اثرات زندگی، صحت، خوراک اور باعزت معیارِ زندگی کے حقوق کو متاثر کرتے ہیں۔

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے عائد یکطرفہ جبری اور ثانوی پابندیوں کی مذمت کریں اور انہیں مسترد کریں۔

عباس عراقچی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم نہ کرے اور نہ ہی ان پر عمل درآمد کرے۔

ایرانی خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا تیسرے ممالک پر ایران کے ساتھ ان کے جائز اقتصادی تعلقات تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں