ایس ایم ایز میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے اقدامات خوش آئند ہیں، گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن اور سمیڈا روڈ میپ پر فوری عملدرآمد کیا جائے ، وزیرِ اعظم

فہرستِ مضامین

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں، ان اقدامات سے نہ صرف خواتین کی معاشی خودمختاری بڑھے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ان کوششوں کی عوامی سطح پر آگاہی بڑھائی جائے۔

وزیرِ اعظم کی زیر صدارت سمیڈا (SMEDA) کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ ان کاروباروں کو وسعت دینے کے لیے قرض کے حصول میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا کے وضع کردہ روڈ میپ پر جلد از جلد اور واضح مدت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی صنعتی ترقی کا دار و مدار گھریلو، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی پر ہے، جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں بڑی صنعتوں کو خام مال ایس ایم ایز ہی فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے لیے دیہی علاقوں میں ایس ایم ایز کی تربیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ دیہی معیشت میں بہتری لائی جا سکے اور روزگار کے مواقع بڑھیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں