ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر محسن نقوی کا بھارتی بورڈ کو دو ٹوک جواب، ٹرافی تقریب میں وصول کرنے کی پیشکش

فہرستِ مضامین

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی وصولی کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کو ٹرافی لینی ہے تو تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں آ کر ٹرافی وصول کریں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد ٹرافی حاصل نہ کرنے پر محسن نقوی کو خط لکھا تھا، جس میں ٹرافی کی حوالگی سے متعلق استفسار کیا گیا تھا۔ محسن نقوی نے خط کے جواب میں تجویز دی ہے کہ ٹرافی نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں ایک باقاعدہ تقریب کے دوران دی جا سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی طرف سے بی سی سی آئی کو یہ بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ تقریب میں بھارتی بورڈ کا کوئی ایک عہدیدار کسی کھلاڑی کے ہمراہ شرکت کرے اور ٹرافی وصول کرے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا فائنل جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم نے اے سی سی صدر سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس پر محسن نقوی نے ٹرافی واپس دفتر بھجوا دی تھی۔ اب یہ معاملہ ایک باضابطہ تقریب کے ذریعے حل کیے جانے کی سمت بڑھ رہا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں