ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم صرف 45 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
یوں بھارت نے 124 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اس سے قبل ایشین گیمز 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان نے بنگلادیش کی جانب سے دیے گئے 112 رنز کے ہدف کو 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔
اب ایشین گیمز کرکٹ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں طلائی تمغے کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔