ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار، 4شہری بازیاب

فہرستِ مضامین

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان اور کوئٹہ میں کارروائی کے دوران ٹریفکنگ اور سمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ چار شہریوں کو بازیاب بھی کرایا گیا ہے۔

فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی(ایف آئی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان زون کی جانب سے انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس میں گذشتہ دن انسانی ٹریفکنگ اور سمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے گرفتار ملزمان میں رسول باچا، امین اللہ، حشمت علی، طالب حسین اور احسان اللہ شامل ہیں، جن کے قبضے سے 4 شہریوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو تفتان اور لورالائی سے گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ انسانی سمگلنگ اور ٹریفکنگ میں ملوث منظم گینگ کا حصہ ہیں۔

ملزمان شہریوں کو ایران اور ترکی منتقل کرتے تھے

ترجمان نے بتایا ہے کہ ملزم رسول باچا ، امین اللہ اور حشمت علی غیر قانونی راستوں سے شہریوں کو ایران و ترکی منتقل کرنے میں ملوث ہیں، ملزمان ایران اور ترکی میں موجود پاکستانی سفارت خانے کی انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں بھی شامل تھے۔

ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ملزمان شہریوں کو پاکستان سے ایران اسمگل کرتے، جہاں سے وہ انہیں غیر قانونی طور پر ترکی بھجوانے کا بندوبست کرتے تھے، ملزمان کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی ہے۔

وفاقی جاچ ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملزم طالب حسین اور احسان اللہ  شہریوں کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے میں ملوث پائے گئے ہیں، چھاپہ مار کاروائی میں ملزمان کے گھر سے 4 معصوم شہریوں کو بھی بازیاب کروایا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان ایران میں مقیم فہیم گجر نامی ایجنٹ کے کارندوں کے طور پر کام کر رہے تھے،ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں