کیلیفورنیا: ایپل کے صارفین کو جس نئے آئی فون کا بے صبری سے انتظار ہے، اس کی رونمائی سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ کمپنی رواں سال آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جبکہ ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی آمد بھی متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل 9 ستمبر کو ایک خصوصی ایونٹ میں اپنی نئی مصنوعات پیش کرے گا۔ آئی فون 18 سیریز کے علاوہ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی سمیت دیگر مصنوعات بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس بار ایپل کی جانب سے آئی فونز کی لانچنگ حکمت عملی میں تبدیلی کیے جانے کی توقع ہے۔ مختلف لیکس اور رپورٹس کے مطابق ایونٹ میں آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون بھی پیش کیا جاسکتا ہے، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کا نام دیا جائے گا۔
دوسری جانب معیاری آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کی رونمائی فوری طور پر کیے جانے کے بجائے 2027 کے آغاز میں متوقع ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت کتنی ہوگی؟
رپورٹس کے مطابق ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون کمپنی کی تاریخ کا مہنگا ترین آئی فون ہوسکتا ہے۔ اس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زائد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اگر یہ پیش گوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں تو ایپل کا فولڈ ایبل فون پریمیم اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایک انتہائی مہنگے ماڈل کے طور پر سامنے آئے گا۔
آئی فون 18 پرو کی قیمت بھی بڑھنے کا امکان
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔
گزشتہ سال آئی فون 17 سیریز متعارف کراتے وقت ایپل نے قیمتوں میں اضافے سے گریز کیا تھا، تاہم اس بار صورتحال مختلف ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت میں تقریباً 100 ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 1099 ڈالر کے بجائے تقریباً 1199 ڈالر سے شروع ہوسکتی ہے۔
قیمت میں ممکنہ اضافے کی وجہ ریم اور دیگر اہم چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت کو قرار دیا جا رہا ہے۔
تاہم ایپل کی جانب سے نئی آئی فون سیریز، فولڈ ایبل ماڈل، حتمی قیمتوں اور لانچ شیڈول کے بارے میں مکمل تفصیلات باضابطہ طور پر سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔