ایکس نے پرانا مونیٹائزیشن پروگرام ختم کردیا، نیا نظام متعارف

فہرستِ مضامین

کراچی: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن کا نظام تبدیل کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت کاپی شدہ، چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی جبکہ اوریجنل اور معیاری کانٹینٹ بنانے والوں کو مالی فائدہ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

کمپنی کی جانب سے کریئیٹرز کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نظام کو ’Original Content Rewards Program‘ کا نام دیا گیا ہے۔

پرانا مونیٹائزیشن پروگرام ختم

ایکس کے مطابق موجودہ Ads Revenue Sharing پروگرام 7 ستمبر 2026 کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا، جبکہ اس پروگرام کے تحت کریئیٹرز کو آخری ادائیگی 11 ستمبر کو کی جائے گی۔

نئے Original Content Rewards Program کے لیے درخواستوں کا آغاز 8 ستمبر 2026 سے ہوگا۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کی آئی ڈی ویریفیکیشن پہلے ہی مکمل ہے اور جنہوں نے اپنا پے آؤٹ میتھڈ منسلک کر رکھا ہے، انہیں نئے پروگرام کے لیے یہ مراحل دوبارہ مکمل نہیں کرنا ہوں گے۔

صارفین اپنے Creator Studio میں جاکر کسی بھی وقت اپنی اہلیت چیک کرسکیں گے۔

پاکستان میں کاپی پیسٹ کلچر پر اثر

ایکس کی مونیٹائزیشن شروع ہونے کے بعد پاکستان سمیت مختلف ممالک میں ایسے اکاؤنٹس کی تعداد میں اضافہ ہوا جو زیادہ سے زیادہ ویوز اور انگیجمنٹ حاصل کرکے آمدنی بڑھانے کی کوشش کرتے رہے۔

بعض اکاؤنٹس کی جانب سے ٹی وی چینلز کی لائیو نشریات سے ویڈیو کلپس کاٹ کر ایکس پر فوری طور پر اپ لوڈ کیے جاتے رہے، جبکہ کچھ صارفین دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بشمول ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹاگرام سے وائرل ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرکے ایکس پر دوبارہ پوسٹ کرتے رہے۔

مونیٹائزیشن کی وجہ سے ایسے مواد کی بھرمار نے ایکس کی فیڈ پر بھی سوالات اٹھائے کہ پلیٹ فارم پر حقیقی معنوں میں اوریجنل مواد تیار کرنے والے کریئیٹرز کتنے ہیں اور کتنے اکاؤنٹس دوسروں کا مواد دوبارہ پوسٹ کرکے آمدنی حاصل کررہے ہیں۔

نئے پروگرام کا مقصد کیا ہے؟

ایکس انتظامیہ کے مطابق پلیٹ فارم کی اصل طاقت ان صارفین میں ہے جو بریکنگ نیوز، ماہر تجزیے، ذاتی تجربات اور تخلیقی خیالات جیسے منفرد مواد کے ذریعے معیاری گفتگو کو فروغ دیتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے پروگرام کا مقصد ایسے ہی کریئیٹرز کی محنت کو مالی طور پر سراہنا ہے جو پلیٹ فارم پر اصل اور معیاری مواد تخلیق کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا ماہرین کے مطابق نئی پالیسی کا سب سے زیادہ اثر ان اکاؤنٹس پر پڑسکتا ہے جو دوسرے پلیٹ فارمز سے ویڈیوز اٹھا کر دوبارہ پوسٹ کرتے ہیں، خودکار بوٹس استعمال کرتے ہیں یا معمولی تبدیلیوں کے ساتھ دوسروں کا مواد اپنے اکاؤنٹس پر شائع کرتے ہیں۔

نئے نظام کے بعد ایکس پر مونیٹائزیشن حاصل کرنے کے خواہش مند کریئیٹرز کے لیے اوریجنل، منفرد اور معیاری مواد پہلے کے مقابلے میں زیادہ اہم قرار پائے گا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں