ای چالان سسٹم مکمل طور پر فعال ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5979 چالان جاری ، ترجمان ٹریفک پولیس

فہرستِ مضامین

کراچی میں متعارف کرائے گئے ای چالان نظام کے تیسرے روز بھی شہریوں کی بڑی تعداد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے سے نہ بچ سکی۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 5979 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 3258 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جبکہ 1294 شہریوں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ کیا گیا۔ اوور اسپیڈنگ کے 655، سرخ بتی کا اشارہ توڑنے کے 357 اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کے 216 چالان جاری کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق تین روز میں مجموعی طور پر 12 ہزار 942 ای چالان کیے جاچکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ای چالاننگ سسٹم اب باقاعدہ طور پر فعال ہے، جس کا مقصد صرف جرمانہ کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا عادی بنانا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس اپڈیٹ رکھیں، کیونکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب کسی کو چھوٹ نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کے لیے اسپیڈ لمٹ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، اور اس سے زیادہ رفتار پر چلانے والوں کے خلاف اوور اسپیڈنگ کے چالان جاری کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں