بابر اعظم دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان

فہرستِ مضامین

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کیا، جبکہ اس موقع پر اسد شفیق اور سابق کپتان مصباح الحق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

16 رکنی قومی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد کو بھی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے مطابق مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث اس دورے کے لیے دستیاب نہیں، اسی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کرے گی۔ قومی ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم اپ میچ کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ وہ اور اسد شفیق گزشتہ 18 ماہ سے سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں، جبکہ مصباح الحق اور سرفراز احمد کو کمیٹی میں شامل ہوئے تقریباً 6 ماہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اس لیے ہر کھلاڑی کی کارکردگی کا جائزہ متعلقہ فارمیٹ کے مطابق لیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں