اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مکہ دفاعی معاہدے کا پابند ہے اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کا حملہ انتہائی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
سجاد حیدر خان کے مطابق پاکستان مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور حوثیوں کے حملوں کے تناظر میں خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور اس حوالے سے تینوں ممالک کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باب المندب کی صورتحال بھی باعث تشویش ہے۔
بھارتی بحری جہاز کی مبینہ اشتعال انگیزی پر احتجاج
ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ کے دوران بھارتی بحریہ کے حوالے سے بھی اہم بیان دیا۔
سجاد حیدر خان نے الزام عائد کیا کہ بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحریہ کے جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ نقل و حرکت کی، جس کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کارروائی بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے بھارتی بحری جہاز کی جانب سے پاکستانی بحریہ کے جہاز کو ٹکر مارنے سمیت بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
سجاد حیدر خان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں سے باز رہے۔