بانی پی ٹی آئی ہمیشہ دہشت گردوں کے حامی رہے, پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا,عطاتارڑ

فہرستِ مضامین

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کا مردانہ وار مقابلہ کیا، اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کی راہ میں کچھ عناصر رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انتشار وہ واحد جماعت ہے جسے نہ شہداء کی قربانیوں کی پرواہ ہے اور نہ ہی ملکی سلامتی سے کوئی دلچسپی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جماعت کی تمام تر توجہ صرف اس بات پر مرکوز ہے کہ خیبر پختونخوا کو کس طرح تقسیم کیا جائے، حالات کو خراب کر کے دہشت گردوں کے لیے محفوظ ٹھکانے فراہم کیے جائیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے کہ عالمی سطح پر وہ دہشت گردوں کے سہولت کار کے طور پر سامنے آتے رہے ہیں، اور ہر فورم پر ان کی حمایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی وہ واحد قوم ہے جس کے بچوں نے بھی دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ دیا۔ انہوں نے آرمی پبلک اسکول کے بچوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوم جانوں نے اپنے خون سے ایک تاریخ رقم کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خضدار میں شہید ہونے والے بچوں کو کیسے بھلایا جا سکتا ہے؟ ایک ایسے شخص کے تین بچے دہشت گردی کا نشانہ بنے اور وہ شخص پاکستان کے لیے اپنی جان دینے کو بھی تیار تھا — یہ وہ حوصلہ ہے جو اس قوم کی پہچان ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے باشعور عوام نے وطن کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دیں، جبکہ افواج پاکستان، عام شہری، دکاندار، ڈاکٹرز، انجینئرز، بچے، اور معاشرے کے ہر طبقے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا اور تاریخ کا روشن باب بنے۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور اس مقصد کے لیے پوری قوم خود کو یکجا کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور معصوم بچوں کی دی گئی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔

وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ وطن کی خاطر محب وطن افراد کی قربانیاں عیاں ہیں اور افواجِ پاکستان نے دہشت گردی پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے تھے، مگر آپریشن ردِ الفساد اور آپریشن ضربِ عضب کے باعث دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں بازاروں میں رونق لوٹی اور کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوئے۔

عطاء اللہ تارڑ نے پریڈ لائن مسجد دھماکے اور دیگر شہادتوں کو قوم کی یاد میں زندہ رکھا اور فتنے خوارج کو نہ دین سے جوڑنے کی سختی سے مخالفت کی۔ ان کا مؤقف تھا کہ مساجد اور معصوم افراد پر حملہ ہرگز قابلِ قبول نہیں اور علماء کا لہو بھی وطن کی آبیاری میں شامل ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ فوج کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور جیل میں پڑا ایک شخص لاشوں پر سیاست کرنے کا خواہش مند ہے، تاہم عوامی سطح پر پیپلز پارٹی نے ‘پاکستان کھپے’ کا نعرہ بلند کر کے وطن کے مفاد کو مقدم رکھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں