امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ رواں ماہ بحرین اور کویت نے خفیہ فضائی کارروائیوں کے دوران ایران کے اندر متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے جنگی طیاروں نے ایران میں ڈرونز اور میزائلوں کے ذخیرہ مراکز سمیت مختلف عسکری تنصیبات پر حملے کیے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں انتہائی خفیہ انداز میں انجام دی گئیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق تہران کے خلاف بحرین اور کویت کی یہ پہلی براہِ راست فوجی کارروائی تھی، جو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عرب ممالک کو درپیش نئے سیکیورٹی چیلنجز کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان فضائی حملوں میں ایران کے فوجی انفراسٹرکچر، خصوصاً ڈرون اور میزائلوں سے متعلق تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔
اخبار کے مطابق متحدہ عرب امارات نے بھی ان کارروائیوں میں معاون کردار ادا کیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یو اے ای نے بحرین اور کویت کو ایرانی اہداف سے متعلق انٹیلی جنس معلومات فراہم کیں، جبکہ فضائی دفاعی معاونت بھی مہیا کی گئی۔
واضح رہے کہ مذکورہ دعوؤں پر ایران، بحرین، کویت یا متحدہ عرب امارات کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، اور ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔