بغیر اجازت دوسری شادی پر جرمانہ شرعی یا غیر شرعی؟ اہم فیصلہ سامنے آگیا

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: بغیر اجازت دوسری شادی کرنے والے شوہر پر عائد 5 ہزار روپے جرمانے کی قانونی شق پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور اسلامی نظریاتی کونسل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے شرعی اصولوں سے ہم آہنگ قرار نہیں دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطاء الرحمٰن کی مصروفیات کے باعث سینیٹر حافظ عبد الکریم کی زیرصدارت ہوا، جس میں خاندانی قوانین میں مجوزہ ترامیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مسلم فیملی لاز سے متعلق مجوزہ ترامیم پر اسلامی نقطۂ نظر سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔

کمیٹی نے سینیٹر سرمد علی کی جانب سے 19 جنوری 2026 کو سینیٹ میں پیش کیے گئے ’’مسلم فیملی لاز (ترمیمی) بل 2026‘‘ پر بھی غور کیا۔ مجوزہ بل میں بغیر اجازت دوسری شادی کرنے والے شوہر پر عائد جرمانے میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

بل کے مطابق موجودہ 5 ہزار روپے جرمانے کو بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس کا مقصد بغیر اجازت دوسری شادی کے قانونی عمل کی خلاف ورزی پر زیادہ سخت مالی سزا مقرر کرنا ہے۔

تاہم قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر عبد الکریم نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ جب شریعت نے دوسری شادی پر اس نوعیت کی شرعی پابندی عائد نہیں کی تو قانون کے ذریعے اس پر جرمانہ عائد کرنے کی شرعی حیثیت پر بھی سوال اٹھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی قانونی پابندی یا جرمانے کو شریعت کے بنیادی اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے اور ایسے معاملات میں قانون سازی کرتے وقت اسلامی احکامات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بھی بغیر اجازت دوسری شادی پر عائد 5 ہزار روپے جرمانے کی مخالفت کی۔ ان کا مؤقف تھا کہ اس معاملے کو اسلامی قوانین اور شرعی اصولوں کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے۔

اجلاس میں مسلم فیملی لاز میں مجوزہ ترامیم کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، جبکہ دوسری شادی سے متعلق جرمانے میں اضافے کی تجویز پر اسلامی نظریاتی کونسل اور کمیٹی کی رائے بھی سامنے آگئی۔

یوں مجوزہ ترمیم میں جرمانہ 5 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز پر شرعی اور قانونی پہلوؤں سے مزید غور کی ضرورت سامنے آئی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں