اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کردیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ ان کی منگنی یا شادی سے متعلق کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں ان کی زندگی سے متعلق کوئی اہم فیصلہ کیا گیا تو اس کا اعلان ان کا خاندان خود کرے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کی ’بات پکی‘ ہونے سے لے کر منگنی اور شادی تک کی خبریں چلائی گئیں، تاہم ان میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ ان کی بات پکی ہوئی ہے اور نہ ہی منگنی ہوئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو ’تماشا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتیں عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے پھیلائی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری ممکنہ منگنی کے سلسلے میں ایک آسٹرین خاندان سے بات چیت کے لیے ویانا میں موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض رپورٹس میں بلاول بھٹو کی ممکنہ دلہن کو آسٹریا کے سابق شاہی خاندان ’ہاؤس آف ہیبسبرگ-لورین‘ سے منسلک کیا گیا تھا، جبکہ بعض دعوؤں میں انہیں آسٹریا کے آخری شہنشاہ کارل اول کے خاندان سے بھی جوڑا گیا تھا۔