صدر مملکت آصف علی زرداری کے اپنے صاحبزادے اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے رشتے کے سلسلے میں یورپی ملک لیختن شٹائن جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو کی منگنی یا شادی سے متعلق خبروں کی تردید بھی کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ طے کرنے کے لیے لیختن شٹائن پہنچے ہیں اور ان کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی موجود ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور پر لڑکی کا تعلق لیختن شٹائن کے دارالحکومت وادوز سے ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی رواں سال کے اختتام تک ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
لیختن شٹائن مغربی یورپ میں واقع ایک چھوٹا خود مختار ملک ہے، جو سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ہے اور اس کا دارالحکومت وادوز ہے۔
دوسری جانب کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق خبریں اور دعوے سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں زیر بحث ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے کسی باضابطہ شادی یا منگنی کا اعلان سامنے نہیں آیا۔