بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گرد ہلاک

فہرستِ مضامین

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع چلتن اور کیچ میں خفیہ اطلاعات پر مبنی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، چلتن کے پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر فورسز نے آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔

دوسری کارروائی ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے نتیجے میں مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دونوں مقامات سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ مارے جانے والے دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چلتن اور بلیدہ میں کارروائی کے دوران 18 دہشت گردوں کے مارے جانے کو سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فورسز کی بروقت کارروائی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی مظہر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں