بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 6 اہلکار شہید

فہرستِ مضامین

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ اور پشین زیارت کراس میں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چاغی کے علاقے نوکچہ میں دہشتگردوں نے کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ این 40 پر مسافروں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے اور بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اسی رات دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر قبضے کی کوشش میں حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں مزید 10 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان کے مطابق فرار ہونے والے دہشتگردوں کا بھی تعاقب کیا گیا، جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں