بنوں میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی

فہرستِ مضامین

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دو الگ الگ دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں پیش آیا، جہاں ہاتھی خیل سے بنوں آنے والی ایک مسافر وین سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد کی زد میں آ گئی۔ ابتدائی دھماکے کے نتیجے میں وین میں سوار 5 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

ضلعی پولیس افسر یاسر آفریدی کے مطابق پہلے دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور مقامی افراد متاثرہ مقام پر پہنچے ہی تھے کہ کچھ دیر بعد ایک اور دھماکا ہو گیا، جس کے نتیجے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف 2 افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے دھماکے سے ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ مجموعی طور پر 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ واقعے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکوں میں استعمال ہونے والے بارودی مواد اور حملے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور دیگر تفصیلات بھی جمع کی جا رہی ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں