بچوں کی شادیاں ہوئیں، تنہا ہوگئی تو تیسری شادی کرلی: سنگیتا

فہرستِ مضامین

پاکستانی فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے اپنی تیسری شادی اور شوہر کے بارے میں اہم انکشافات کرتے ہوئے سابقہ ازدواجی زندگی کے تلخ تجربات پر بھی گفتگو کی ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سنگیتا نے اپنی شادیوں اور گھریلو زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔ تیسری شادی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی اور دوسری نوید اکبر سے ہوئی تھی، جبکہ تیسری شادی فلم انڈسٹری سے وابستہ طارق میندرو سے ہوئی، جو ایک بڑے فلم ڈسٹری بیوٹر بھی ہیں۔

سنگیتا کے مطابق ان کی اور طارق میندرو کی شادی کو 14 برس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی شادیاں ہونے کے بعد وہ تنہا رہ گئی تھیں، جس کے بعد طارق نے انہیں کئی مرتبہ شادی کی پیشکش کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچا کہ بڑھاپے میں انسان کے ساتھ ایک ساتھی ہونا چاہیے، اسی سوچ کے تحت انہوں نے تیسری شادی کا فیصلہ کیا۔

سنگیتا نے موجودہ شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں یہ خوبی ہے کہ وہ نہ گالم گلوچ کرتے ہیں، نہ خواتین پر ہاتھ اٹھاتے ہیں اور نہ ہی بلاوجہ لڑائی جھگڑا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر وہ خود غصے میں ہوں تو طارق بحث کرنے کے بجائے خاموشی سے کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ان کی موجودہ شادی اسی وجہ سے کامیابی سے چل رہی ہے کہ غصے کی حالت میں دونوں ایک دوسرے سے بحث کرنے کے بجائے خاموش ہوجاتے ہیں۔

سنگیتا نے سابقہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے مبینہ گھریلو تشدد کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شادی میں جسمانی تشدد ان کے لیے سب سے بڑا خطرے کی علامت ہے اور اسی وجہ سے انہیں ماضی میں طلاق کا فیصلہ کرنا پڑا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں بہت کچھ برداشت کیا اور بعض اوقات جسم پر چوٹوں کے نشانات کے ساتھ بھی اسٹوڈیو جایا کرتی تھیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں