بھارت میں عام آدمی پارٹی کے رہنما امرندر سنگھ منڈوفل نے ایک خاتون پر مبینہ طور پر خود کو پی سی ایس افسر ظاہر کرکے شادی کرنے اور بعد ازاں گھر سے سونا، چاندی اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے اے اے پی رہنما امرندر سنگھ منڈوفل نے پولیس کو دی گئی شکایت میں دعویٰ کیا کہ من وندر کور نے خود کو پی سی ایس افسر ظاہر کیا، جس کے بعد دونوں کی فروری 2026 میں شادی ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق شادی میں رشتہ داروں اور مہمانوں کے علاوہ پنجاب اسمبلی سے وابستہ بعض سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی، جبکہ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں۔
امرندر سنگھ کا الزام ہے کہ شادی کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ من وندر کور پہلے بھی شادی شدہ اور طلاق یافتہ ہیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ خاتون کا ایک 18 سالہ بیٹا بھی ہے۔
اے اے پی رہنما کے مطابق خاتون کے اہلخانہ نے شادی سے قبل انہیں من وندر کور کے غیر شادی شدہ اور پی سی ایس افسر ہونے سے متعلق مبینہ طور پر غلط معلومات فراہم کیں، جبکہ ان کی عمر کے حوالے سے بھی مبینہ طور پر درست معلومات نہیں دی گئیں۔
پولیس نے امرندر سنگھ کی شکایت پر خاتون سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں خاتون کے بھائی، والدہ، کزن، بھابھی اور سابق گاؤں سرپنچ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ خاتون اور دیگر نامزد افراد کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔