بھارت نے پانی روکا تو بھرپور جواب ملے گا، مصدق ملک کی وارننگ

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارت کو ایک مرتبہ پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا، اور جو بھی پاکستان کے پانی پر قبضہ کرنے یا اسے روکنے کی کوشش کرے گا، اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں یہ اصول ہرگز قابل قبول نہیں کہ دریا کے بالائی حصے پر موجود ملک اپنی مرضی سے زیریں علاقوں کا پانی روک دے۔

انہوں نے کہا کہ حق اور انصاف کے لیے آواز بلند کرنا پاکستان کی روایت ہے، لیکن افسوس کہ ہمارا ہمسایہ ملک سندھ طاس معاہدے کی روح سے انحراف کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں واضح کر چکے ہیں کہ پانی پاکستان کی بقا اور قومی سلامتی کا معاملہ ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔

عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ دنیا بھر سے ماہرین پانی سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں، جہاں پانی کے تحفظ، آبی وسائل کے انتظام اور سندھ طاس معاہدے کی بین الاقوامی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں