بھارت کے تجربہ کار بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سمیت ہر طرز کی پیشہ ورانہ کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ہی ان کا تقریباً دو دہائیوں پر محیط کرکٹ سفر اختتام پذیر ہو گیا۔
38 سالہ رہانے نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ ہمیشہ زندگی اور کرکٹ میں درست وقت پر فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اور ان کے خیال میں اب میدان کو الوداع کہنے کا یہی مناسب وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا اور قومی ٹیم کی جرسی پہننا ان کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہا۔ رہانے کے مطابق انہوں نے ہر موقع پر ذاتی مفاد سے زیادہ ملک اور ٹیم کو ترجیح دی۔
اپنے جذباتی پیغام میں انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اگرچہ بطور کھلاڑی ان کا سفر ختم ہو رہا ہے، لیکن وہ مستقبل میں نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی اور کھیل کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اجنکیا رہانے نے 2011 سے 2023 کے دوران بھارت کے لیے 85 ٹیسٹ، 90 ون ڈے اور 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 5,077 رنز بنائے، جن میں 12 سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ون ڈے میں 2,962 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 375 رنز اسکور کیے۔
رہانے نے بھارت کی چھ ٹیسٹ میچز میں کپتانی بھی کی، جن میں ٹیم نے چار کامیابیاں حاصل کیں جبکہ دو مقابلے ڈرا رہے۔
ان کے کیریئر کا سب سے یادگار باب 2020-21 کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز رہا، جب ایڈیلیڈ میں 36 رنز پر آل آؤٹ ہونے اور ویرات کوہلی کی غیرموجودگی کے بعد رہانے نے قیادت سنبھالی۔ میلبرن ٹیسٹ میں شاندار سنچری کھیل کر انہوں نے بھارت کو نہ صرف سیریز میں واپس لایا بلکہ ٹیم نے تاریخی 2-1 سے فتح بھی حاصل کی۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں رہانے نے 14 ہزار سے زائد رنز بنائے، جن میں 42 سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ان کا آخری میچ آئی پی ایل 2026 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے تھا۔